ایران کا تیل خریدنے والوں کو امریکی پابندیوں کی دھمکی

ایران کے خلاف سمندری سطح پر دباؤ بڑھانے کے لیے اقدامات شروع کیے جا چکے ہیں

               
April 16, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: امریکا نے ایران سے تیل خریدنے والے ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔

امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے مختلف ممالک کو آگاہ کر دیا ہے کہ اگر وہ ایران کا تیل خریدتے ہیں یا ان کے مالیاتی اداروں میں ایرانی رقوم موجود ہیں تو ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایران کے خلاف سمندری سطح پر دباؤ بڑھانے کے لیے اقدامات شروع کیے جا چکے ہیں، اور اس پیش رفت کے باعث عالمی منڈی میں ایرانی تیل کی خریداری متاثر ہو سکتی ہے۔ سکاٹ بیسنٹ کے مطابق چین ماضی میں ایران کے تیل کا بڑا خریدار رہا ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں چینی درآمدات میں عارضی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے چینی بینکوں کو بھی متنبہ کیا ہے کہ اگر ان کے ذریعے ایرانی رقوم کی لین دین سامنے آئی تو ان پر بھی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے عالمی توانائی مارکیٹ پر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ایران کے تیل کی برآمدات مزید دباؤ کا شکار ہو سکتی ہیں۔