وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی طویل ملاقات، خطے کی صورتحال پر اہم گفتگو
محمد بن سلمان نے امن کے قیام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا
وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان جدہ میں اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات قصر اسلام میں ہوئی اور تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہی۔ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ مذاکرات پر بھی بات چیت کی گئی، جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امن کے قیام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے سعودی قیادت کو پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو فروغ دینے کی کوششوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔