امریکا ایران مذاکرات میں بڑی پیش رفت متوقع۔پاکستان واحد ثالث قرار

پاکستان دونوں ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ بنا ہوا ہے اور پیغامات کا تبادلہ مسلسل جاری ہے۔

               
April 16, 2026 · بام دنیا

پاکستان کی ثالثی سے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت کی امیدیں بڑھ گئی ہیں، جبکہ سفارتی سطح پر سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ وائٹ ہائوس نے پاکستان کو واحد ثالث بھی قراردیاہے۔

ذرائع کے مطابق ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق جاری بات چیت میں ایک بڑی پیش رفت متوقع ہے، اور پاکستانی حکام اس حوالے سے پرامید ہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دونوں ممالک کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ بنا ہوا ہے اور پیغامات کا تبادلہ مسلسل جاری ہے۔

بدھ کے روز آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد تہران پہنچا، جہاں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے وفد کا استقبال کیا اور مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے کی بنیاد رکھنے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

رپورٹس کے مطابق مذاکرات میں ایران کے جوہری پروگرام، یورینیم کی افزودگی اور ذخائر جیسے اہم نکات زیر غور ہیں۔ اس حوالے سے مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں جن میں افزودگی محدود کرنے یا یورینیم کو کسی تیسرے ملک منتقل کرنے کے آپشنز شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف بھی خطے کے اہم ممالک کے دورے پر ہیں، جہاں وہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کی قیادت سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ دورہ ایک وسیع سفارتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد خطے میں امن کے لیے حمایت حاصل کرنا ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس نے بھی پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات نتیجہ خیز سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور مستقبل میں مزید نشستیں اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر یہ سفارتی کوششیں کامیاب رہیں تو خطے میں جاری کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔