غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 3 فلسطینی شہید
خان یونس کے مغربی علاقے سے امدادی ٹیموں کو اسماعیل الحداد نامی فلسطینی کی لاش ملی۔
فائل فوٹو
غزہ سٹی: مقبوضہ غزہ میں گزشتہ برس اکتوبر میں طے پانے والے ‘جنگ بندی’ معاہدے کو پیروں تلے روندتے ہوئے اسرائیلی فورسز نے تازہ کارروائیوں میں مزید تین فلسطینیوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا۔
بھائیوں کی شہادت فلسطینی خبر رساں ادارے ‘وفا’ کے مطابق، شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں ‘ابو تمام اسکول’ کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں دو سگے بھائی نشانہ بنے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بمباری کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
غزہ سٹی میں بھی اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری رہا جہاں ‘ٹنل اسٹریٹ’ پر ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں شدید زخمی ہونے والا ایک فلسطینی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ادھر وسطی غزہ میں مغازی پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں تعینات اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیوں نے ‘صلاح الدین اسٹریٹ’ پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر 4 شہری زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب خان یونس کے مغربی علاقے سے امدادی ٹیموں کو اسماعیل الحداد نامی فلسطینی کی لاش ملی ہے جو گزشتہ تقریباً دو سال سے لاپتہ تھے۔