امریکا ایران کا مقابلہ نہیں کر سکا تو چین سے بھی نہ الجھے،بیلاروسی صدر

اگر واشنگٹن ایران کے مقابلے میں کامیاب نہیں ہو سکا تو چین جیسی بڑی طاقت کا سامنا اس کے لیے مزید مشکل ثابت ہوگا۔

               
April 18, 2026 · بام دنیا

ماسکو: الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا ہے کہ اگر امریکا ایران کا مقابلہ نہیں کر سکا تو اسے چین جیسے طاقتور ملک سے بھی محاذ آرائی نہیں کرنی چاہیے۔

روسی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں بیلاروسی صدر نے کہا کہ امریکا وہ طاقت نہیں رہا جو اسے سمجھا جاتا تھا۔ ان کے مطابق اگر واشنگٹن ایران کے مقابلے میں کامیاب نہیں ہو سکا تو چین جیسی بڑی طاقت کا سامنا اس کے لیے مزید مشکل ثابت ہوگا۔

لوکاشینکو نے الزام عائد کیا کہ امریکا کے اصل مفادات دنیا بھر میں تیل اور گیس کے وسائل پر کنٹرول حاصل کرنا ہیں اور اسی مقصد کے لیے وہ مختلف خطوں میں مداخلت کرتا ہے۔

انہوں نے امریکی الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا، کیوبا اور مشرق وسطیٰ میں امریکی پالیسیاں خود ایک قسم کی آمریت کی مثال ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا خود کو جمہوریت کا علمبردار کہتا ہے لیکن وہاں نہ حقیقی جمہوریت ہے اور نہ ہی انسانی حقوق کا مکمل احترام کیا جاتا ہے۔

بیلاروسی صدر نے مغربی ممالک کی انسانی حقوق سے متعلق پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض تنازعات میں ہزاروں میل دور ایک خودمختار ملک پر حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں معصوم جانوں کا نقصان ہوا۔