عرب امارات کا آبنائے ہرمز غیرمشروط کھولنے کا مطالبہ
آبنائے ہرمز کی بندش “معاشی دہشت گردی” کے مترادف ہے۔عالمی برادری نوٹس لے۔اماراتی وزیر
متحدہ عرب امارات کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کی بندش کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس آبی گزرگاہ کو فوری اور مکمل طور پر کھولا جائے۔
یو اے ای کی وزارتِ خارجہ کے ریاستی وزیرسعید بن مبارک الہاجری نے بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش “معاشی دہشت گردی” کے مترادف ہے اور اس کا فوری طور پر عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں صرف جنگ بندی کافی نہیں ہوگی ۔ ان کے مطابق کسی بھی پائیدار حل کے لیے ایران کے تمام خطرات—ایٹمی صلاحیت، بیلسٹک میزائل، ڈرونز، اس کے علاقائی اتحادی گروہ اور آبنائے ہرمز کی مکمل و غیر مشروط بحالی—کو حل کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تنازع کے حل کا معیار صرف لڑائی کا رک جانا نہیں بلکہ ایسا حتمی اور جامع نتیجہ ہونا چاہیے جس میں قانونی ضمانتیں، جوابدہی اور اس بات کی یقین دہانی شامل ہو کہ آئندہ اس نوعیت کی جارحیت دوبارہ نہیں ہوگی۔