’’جنگ عظیم 11‘‘:امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی پرانی ویڈیو وائرل

22جنوری 2025 کو ایک خطاب کرتے ہوئے ان کی زبان پھسل گئی تھی

               
April 28, 2026 · امت خاص, چشم حیرت

الہان عمر۔ تصویر: وکی پیڈیا

 

امریکی رکنِ کانگریس الہان عمر کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہونے کے بعد وہ شدید تنقید اور تمسخر کی زد میں ہیں۔ اس ویڈیو میں وہ دوسری جنگِ عظیم (World War II) کو غلطی سے “جنگِ عظیم گیارہ” (World War Eleven) کہتی ہوئی سنائی دیتی ہیں۔

 

یہ ویڈیو دراصل 22 جنوری 2025 کی ہے، جب الہان عمر ایلین اینیمیز ایکٹ1798کو منسوخ کرنے کے حوالے سے خطاب کر رہی تھیں۔ دورانِ تقریر انہوں نے کہا کہ یہ قانون آخری بار جاپانی اور اطالوی تارکینِ وطن کو ملک بدر کرنے کے لیے “جنگِ عظیم الیون” کے دوران استعمال ہوا تھا۔ اگرچہ انہوں نے فوراً اپنی غلطی کا احساس کرتے ہوئے ہنستے ہوئے اسے “ورلڈ وار ٹو” سے درست کر لیا تھا، مگر اب یہ کلپ دوبارہ وائرل ہو رہا ہے۔

یہ ویڈیو اپریل 2026 میں اس وقت دوبارہ گردش کرنے لگی جب امریکہ میں الہان عمر کے خلاف ایک فراڈ کیس کی تحقیقات اور ان کی سیاسی سرگرمیوں پر بحث تیز ہوئی۔ مخالفین نے اس پرانے کلپ کو ان کی اہلیت پر سوال اٹھانے کے لیے استعمال کیا۔

 

سوشل میڈیا صارفین، خاص طور سے ایکس پر، اس غلطی کا خوب مذاق اڑا رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب الہان کے نام کو بھی اس ہندسے سے جوڑا جا رہا ہے۔ بہت سے میمز میں ان کا نام “11han Omar” (الہان کی جگہ گیارہ-ہان) لکھا جا رہا ہے۔

 

کچھ صارفین نے ایسی تصاویر شیئر کیں جن میں انہیں تاریخ کی کتابیں پڑھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے جہاں “ورلڈ وار 11” کے فرضی واقعات درج ہیں۔

 

ان کے مخالفین نے “Low IQ” یعنی کم عقل کے ہیش ٹیگز کے ساتھ ان کے نام کو اس نمبر سے بدل کر ٹرینڈ کرایا۔