اقوام متحدہ کی ایران کے ٹیلی کام حملوں کی مذمت۔ قرارداد منظور
متاثرہ ٹیلی کام نظام کی بحالی کے لیے مدد کی ایرانی درخواست بھی زیر غور آئی
ااقوام متحدہ کے ٹیلی کمیونیکیشن ادارے انٹر نیشنل ٹیلی کمیونیشن یونین نے مشرق وسطیٰ میں ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر پر ایران کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ حملے اس وقت سے جاری ہیں جب امریکہ اور اسرائیل نے فروری میں ایران کے خلاف جنگ شروع کی۔
رپورٹ کے مطابق خلیج تعاون کونسل نے اردن کے ساتھ مل کر بحرین، کویت، متحدہ عرب امارات اور اردن میں مواصلاتی نظام کو نشانہ بنانے کے خلاف آئی ٹی یو میں کارروائی کا مطالبہ کیا۔
آئی ٹی یو کی گورننگ باڈی، آئی ٹی یو کونسل نے گزشتہ روز متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کرلی، جس کی تصدیق ادارے کی ترجمان نے کی۔
ترجمان کے مطابق ادارہ ان حملوں سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں اور ان کے علاقائی و عالمی رابطوں پر اثرات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گا۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے امریکی اور اسرائیلی حملوں سے متاثرہ اپنے ٹیلی کام نظام کی بحالی کے لیے مدد کی درخواست بھی زیر غور آئی، تاہم کونسل کے ارکان میں اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث اس پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔