2026 میں اسرائیلی شہریت رکھنے والے 100ویں فلسطینی شہری جاں بحق
فلسطینی برادری میں قتل کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے شمالی شہر شیفا عمرو میں 50 سالہ ایک فلسطینی شہری، جو اسرائیلی شہریت رکھتا تھا، کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق یہ رواں سال اسرائیلی شہریت رکھنے والے کسی فلسطینی شہری کا 100واں قتل ہے، جبکہ فلسطینی برادری میں قتل کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
وفا کے مطابق اسرائیلی پولیس اس مسئلے پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے اور زیادہ تر قتل کے واقعات حل نہیں ہو سکے، جن میں نامعلوم ملزمان ملوث ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سال تقریباً 90 افراد کو گولی مار کر قتل کیا گیا، جبکہ دیگر کو چاقو کے وار سے ہلاک کیا گیا اور ایک خاتون کو گاڑی کے اندر زندہ جلا دیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں سے تقریباً 48 افراد کی عمر 30 سال سے کم تھی، جن میں آٹھ خواتین بھی شامل ہیں، جبکہ تین افراد اسرائیلی پولیس کی فائرنگ سے مارے گئے۔
اسرائیلی شہریت رکھنے والے فلسطینی شہری امتیازی قوانین کے ساتھ ساتھ بڑھتے ہوئے تشدد کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔ 2025 میں اسرائیل میں تقریباً 300 افراد قتل ہوئے جن میں 252 فلسطینی تھے۔