جنوبی لبنان میں اسرائیلی گولہ باری۔ مسماری کی کارروائیاں جاری

40 سے زائد ہلاکتوں کے بعد بھی فوجی کارروائیاں تیز،طبی مراکز اور شہری علاقے نشانے پر

               
  May 4, 2026 · بام دنیا

جنوبی لبنان میں حالات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں جہاں اسرائیلی حملوں، گولہ باری اور مسماری کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
لبنان کے شہر صور میں صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب لبنانی حکومت نے ہفتے کے آخر میں خبردار کیا تھا کہ بحران اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے اور دو دن میں 40 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
جنوبی لبنان میں شام کے وقت بھی مختلف مقامات پر اسرائیلی حملے جاری رہے۔ شہر عرب صالیم میں ایک مہلک حملے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جبکہ صور کے نواحی علاقے صریفہ میں ایک طبی مرکز کو نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم چار طبی عملے کے افراد زخمی ہوئے۔
بنت جبیل کے علاقے میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری رہا، جبکہ حریس اور گرد و نواح میں شدید گولہ باری کی اطلاعات ہیں۔
علاوہ ازیں جنوب مغربی علاقے چما میں مسماری کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں اسرائیلی فوج مبینہ طور پر شہری گھروں اور کچھ تاریخی مقامات کو بھی مسمار کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس خطے میں مسلسل فضائی حملے بھی جاری ہے اور پورے دن ڈرونز اور جنگی طیاروں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔
جنگ بندی کے بعد امن کی توقع رکھنے والے شہریوں کو اس کے برعکس صورتحال کا سامنا ہے کیونکہ گزشتہ ایک ہفتے سے فوجی کارروائیوں میں مزید شدت آ گئی ہے۔