آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کی سرکاری تیل کمپنی کے ٹینکر پر حملہ
واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔وزارت خارجہ کا بیان
فائل فوٹو
ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ اس کی سرکاری تیل کمپنی ایڈنوک سے وابستہ ایک ٹینکر کو آبنائے ہرمز میں نشانہ بنایا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یہ حملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2817 کی صریح خلاف ورزی ہے، جس میں جہاز رانی کی آزادی کی اہمیت کی تصدیق کی گئی ہے، اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے یا بین الاقوامی سمندری راستوں میں رکاوٹ ڈالنے کو مسترد کیا گیا ہے۔
متحد عرب امارات کا کہنا ہے کہ تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانا اور آبنائے ہرمز کو اقتصادی بلیک میلنگ کے ایک آلے کے طور پر استعمال کرنا ایران کے پاسداران انقلاب کی طرف سے بحری قزاقی کی کارروائیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی کارروائیاں خطے، اس کے لوگوں اور عالمی توانائی کی سلامتی کے استحکام کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔
متحدہ عرب امارات نے ایران سے حملے بند کرنے اور آبنائے ہرمز کو مکمل اور غیر مشروط طور پر دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔