امریکی پرچم بردار تجارتی جہاز امریکی فوجی حفاظت میں آبنائے ہرمز سے گزر گیا

مرسک کے مطابق یہ سفر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہوا

               
  May 5, 2026 · بام دنیا

شپنگ کمپنی مرسک نے بتایا ہے کہ اس کا ایک امریکی پرچم بردار تجارتی جہاز امریکی فوج کی حفاظت میں کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز سے باہر نکل گیا ہے۔

مرسک کے مطابق یہ سفر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہوا اور جہاز کے تمام عملے کے ارکان محفوظ اور خیریت سے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ الائنس فیئر فیکس نامی یہ جہاز فروری 2026 سے خلیج میں پھنسا ہوا تھا، جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا آغاز ہوا تھا۔

مرسک کے بیان کے مطابق امریکی فوج نے کمپنی سے رابطہ کیا اور جہاز کو مدد کی پیشکش کی۔ ایک ’جامع سکیورٹی پلان‘ تیار کیے جانے کے بعد جہاز کو خلیج چھوڑنے کی اجازت دی گئی۔

کمپنی کے مطابق بعد ازاں یہ جہاز امریکی فوجی اثاثوں کے ہمراہ خلیج سے روانہ ہوا، اور مرسک نے اس آپریشن کو ممکن بنانے پر امریکی فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر رابطہ کاری کو سراہا ہے۔

اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان دیا تھا کہ امریکی پرچم بردار دو تجارتی جہاز کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز سے گزر چکے ہیں، تاہم ایران کی پاسداران انقلاب نے امریکہ کے اس دعوے کو ’واشگاف جھوٹ‘ قرار دیا ہے۔