چین میں آتش بازی کا سامان بنانے والے کارخانے میں دھماکہ۔21 افراد ہلاک
عمارت کے اندر پھنسے افراد کو تلاش کرنے کے لیے روبوٹس کی مدد بھی لی گئی۔
چین کے صوبہ ہونان میں آتش بازی کا سامان بنانے والے ایک کارخانے میں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ دھماکہ شہر لیویانگ میں قائم ’ہوا شینگ فائر ورکس فیکٹری‘ میں پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو حکام نے کارخانے کے تین کلومیٹر کے دائرے میں موجود تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
حکام کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشنز اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تقریباً 500 اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ عمارت کے اندر پھنسے افراد کو تلاش کرنے کے لیے روبوٹس کی مدد بھی لی گئی۔
چینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور آتش بازی کا سامان بنانے والی کمپنی کے ذمہ دار فرد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے بتایا کہ فیکٹری کے احاطے میں موجود دو بارود کے گودام ریسکیو کارروائیوں کے دوران شدید خطرے کا باعث بنے رہے۔