امریکی بحریہ نے ایرانی کشتیاں اور ڈرونز تباہ کر دیے۔ٹرمپ کا دعویٰ
ایرانی فورسز نے ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں سے امریکی جہازوں پر حملہ کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران معاہدہ چاہتا ہے، جبکہ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کا “آرمڈا” (بحری بیڑا) وینزویلا آپریشن سے بھی بڑا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز میں ایرانی ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کو تباہ کر دیا ہے۔
واشنگٹن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی جنگی جہاز بغیر نقصان کے آبنائے ہرمز سے گزر گئے، 3 امریکی جنگی ڈسٹرائرز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، ایرانی فورسز نے ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں سے امریکی جہازوں پر حملہ کیا۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکی جنگی جہاز بحری ناکہ بندی کے مشن میں دوبارہ شامل ہو رہے ہیں، ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اس سے بھی زیادہ سخت کارروائی کی جائے گی۔
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی ڈسٹرائرز پر میزائل داغے گئے جنہیں بڑی آسانی سے گرا دیا گیا، امریکی بحری جہازوں پر ڈرون بھی بھیجے گئے جنہیں فضا میں ہی گرا لیا گیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی ڈرونز تتلیوں کی طرح سمندر میں جا گرے، کوئی نارمل ملک ہوتا تو ڈسٹرائر بحری جہازوں کو گزرنے دیتا لیکن ایران نارمل ملک نہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایران کی قیادت جنونیوں کے ہاتھ میں ہے، جنونیوں کو جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا موقع ملتا تو بلاشبہ وہ استعمال کر ڈالتے، اب ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے کا موقع نہیں ملے گا۔
اے بی سی نیوز سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم نہیں ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جنگ بندی برقرار اور نافذ ہے۔
امریکی حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’یہ بس پیار بھرا ایک دھکا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔