اسرائیلی توپ خانے کی جنوبی لبنان پر شیلنگ
گولہ باری صور کے جنوب میں موجود اسرائیلی پوزیشنز سے کی جا رہی ہے۔
لبنان کی نیوز ایجنسی این این اے کے مطابق اسرائیلی توپ خانے کی جانب سے ملک کے جنوب میں واقع علاقوں المانسوری اور بیوت السیاد کے نواحی حصوں اور المانسوری-حمرا ساحلی پٹی پر شدید شیلنگ کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ گولہ باری صور کے جنوب میں موجود اسرائیلی پوزیشنز سے کی جا رہی ہے۔
صبح سویرے اسرائیلی فورسز نے متعدد فوجی گاڑیوں کی مدد سے بیوت السیاد کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی، جس کے دوران علاقے میں بھاری توپ خانے کی گولہ باری اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی آپریشن بھی کیا گیا۔
این این اے کے مطابق گزشتہ رات اسرائیلی فورسز کی جانب سے ایک انتباہی حملہ اس وقت کیا گیا جب لبنانی ریڈ کراس اور لبنانی فوج کی طبی ٹیمیں زبقین کی بلدیہ کی طرف جا رہی تھیں۔
یہ ٹیمیں ایک سابقہ چھاپے کے بعد لاشوں کی برآمدگی اور زخمیوں کے انخلاء کی کوشش کر رہی تھیں تاہم اسرائیلی فائرنگ کے باعث انہیں واپس ہٹنا پڑا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے علاقے الخیام میں بھی زوردار دھماکہ کیا ہے۔