امریکی کانگریس میں پاکستان کے حق میں قرارداد،امن کوششوں کو سراہا گیا
پاکستان کو ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث قرار دیا گیا ہے
امریکی کانگریس میں پاکستان کے حق میں ایک قرارداد پیش کر دی گئی ہے جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور قیامِ امن کیلئے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا گیا ہے۔
قرارداد امریکی کانگریس کے رکن الگرین کی جانب سے پیش کی گئی، جس میں پاکستان کو ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث قرار دیا گیا ہے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ایسے حساس تنازع میں اہم سفارتی کوششیں کیں، جس کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان، نقل مکانی اور عالمی سطح پر مالی دباؤ پیدا ہوا۔
الگرین نے اپنے بیان میں کہا کہ جنگ اور انسانی المیوں کے ماحول میں ان قوتوں کو تسلیم کرنا ضروری ہے جو امن اور مذاکرات کیلئے کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کردار اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ سفارت کاری ہی مسائل کے حل کا مؤثر راستہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی کوششوں کو سراہنا دراصل مذاکرات، امن اور بے گناہ جانوں کے تحفظ کے عزم کا اظہار ہے۔