لبنانی قصبے دیرسریان کے قریب ایک اسرائیلی ٹینک پر میزائل حملہ کیا گیا
لبنان میں حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جمعرات کی دوپہر سے جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج پر 26 حملے کیے۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب اسرائیلی فضائی حملوں میں شدت آنے کے باعث خطے میں 30 سے زائد افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حزب اللہ کے مطابق اس کی کارروائیوں میں لبنانی قصبے دیرسریان کے قریب ایک اسرائیلی ٹینک پر میزائل حملہ، حداثا کی جانب اسرائیلی پیش قدمی پر گولہ باری اور گاؤں لبونہ میں جمع اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانا شامل ہے۔
تنظیم نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں میں اسرائیلی فوج کو جانی نقصان پہنچا، تاہم ہلاکتوں یا زخمیوں کی تعداد نہیں بتائی گئی۔
رپورٹس کے مطابق جمعہ کا دن جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں کے حوالے سے سب سے خونریز دنوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ دو مارچ سے جاری جھڑپوں اور اسرائیلی حملوں میں اب تک لبنان میں 2 ہزار 700 سے زائد افراد ہلاک جبکہ کم از کم 8 ہزار 500 زخمی ہو چکے ہیں۔