پنجاب کو دیگرصوبوں تک آٹے اور گندم کی ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت
اعلیٰ اجلاس میں رکاوٹیں دور کرنے، واٹس ایپ پر مسائل کی رپورٹنگ کی ہدایت
وفاقی رانا تنویرحسین نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کو گندم اور آٹےکی ترسیل میں رکاوٹیں فوری دور کی جائیں: ذرائع۔
وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو آٹے اور گندم کی دیگر صوبوں کو ترسیل میں رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق منسٹری آف نیشنل فوڈ سکیورٹی نے کے پی حکومت کو واٹس ایپ نمبر فراہم کیا ہے، جس پر ڈیلرز رکاوٹیں آنے کی صورت میں ویڈیوز اور تصاویر بھیجیں گے۔
ذرائع کے مطابق کے پی کے آٹے اور گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں دور کرنے کا فیصلہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین اور چاروں صوبوں کے سیکرٹریز برائے خوراک نے شرکت کی۔
اجلاس میں مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم، اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی ڈاکٹر عباد اللہ اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ بھی شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری خیبر پختونخوا نے بتایا کہ گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندیاں ہٹانے کے سلسلے میں وفاقی حکومت اور چیف سیکرٹری پنجاب کو متعدد بار آگاہ کیا گیا۔
سیکرٹری فوڈ پنجاب کا کہنا تھا کہ گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی نہیں لگائی گئی، جس پر چیف سیکرٹری کے پی نے کہا کہ پابندی نہیں لگائی تو کے پی میں آٹے کی قیمت کیوں بڑھی؟
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا کو گندم اور آٹے کی ترسیل میں رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
مزمل اسلم نے جیو نیوز کو بتایا کہ پنجاب حکومت کو بتایا گیا کہ وہ آئینی طور پر گندم اور آٹے کی ترسیل پر پابندی نہیں لگا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسئلہ حل کیا جائے گا اور پابندیاں ہٹنے کے بعد کے پی کو گندم اور آٹے کی بلاتعطل ترسیل شروع ہو جائے گی۔