کراچی اسکیم 33 میں اراضی کا قبضہ چھڑانے سے پولیس نے انکار کردیا
عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، ناظر کورٹ نے رپورٹ جمع کرا دی
کراچی اسکیم 33 میں اراضی کا قبضہ چھڑانے سے پولیس نے انکار کردیا
کراچی کے علاقے اسکیم 33 میں 8 ایکڑ کی متنازع اراضی پر سے غیر قانونی قبضہ واگزار کرانے کی کوشش کے دوران پولیس کے عدم تعاون کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جس کی باضابطہ رپورٹ ناظر کورٹ نے سینئر سول جج ملیر کی عدالت میں جمع کرا دی ہے۔
عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق، عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لیے چوتھی بار متنازع اراضی کا قبضہ ختم کرانے کی کوشش کی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ تھانے میں مختیار کار اور اس کا اسسٹنٹ بھی موجود تھے، تاہم مختیار کار نے موقف اختیار کیا کہ وہ متنازع اراضی کی نشاندہی سے قاصر ہے۔
رپورٹ کے متن کے مطابق، ایس ایچ او سچل نے اضافی فورس فراہم کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ تھانے میں نفری موجود نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے ایس ایس پی آفس کی جانب سے کوئی احکامات موصول ہوئے ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ کے اس غیر تعاون رویے کے باعث اراضی کو واگزار کرانے کی کارروائی ناکام ہو گئی۔
واضح رہے کہ عدالت نے 15 روز قبل پولیس فورس کی بھرپور مدد سے زمین کا قبضہ ختم کرانے کا حکم جاری کیا تھا اور ایس ایس پی کو نفری کی فراہمی اور عملدرآمد کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ملیر کورٹ اس سے قبل بھی 3 بار اراضی کا قبضہ ختم کرانے کے احکامات صادر کر چکی ہے۔
دائر کی گئی درخواست میں یہ مؤقف بھی اپنایا گیا ہے کہ پولیس نے عدالتی احکامات کے باوجود زمین واگزار نہیں کرائی بلکہ مبینہ طور پر قبضہ کرنے والے ملزمان کو حراست میں لینے کے بعد چھوڑ دیا۔ پولیس کی اس مبینہ ملی بھگت کے نتیجے میں قبضہ گروپ نے ایک بار پھر اراضی پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں۔ عدالت نے اس صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اسسٹنٹ کمشنر گلزارِ ہجری اور مختیار کار کو پہلے ہی نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔