راولپنڈی میں موٹرسائیکل چوری کرنے کے لیے کم سن بچوں کا استعمال۔سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی
صادق آباد میں فیملی کا تاثر دے کر وارادات کی گئی
تصویر: سوشل میڈیا
راولپنڈی میں موٹر سائیکل چوروں نے وارداتوں کے لیے کم سن معصوم بچوں کو بھی استعمال کرنا شروع کردیا۔ تھانہ صادق آباد کے علاقے خرم کالونی میں موٹر سائیکل چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے ، جس میں دو مبینہ چوروں کے ساتھ کم عمر بچہ بھی موٹر سائیکل پر بیٹھا دکھائی دے رہا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان خرم کالونی کی گلی میں پہنچے، موٹر سائیکل کے اگلے حصے پر ڈھائی سے تین سالہ بچہ بھی بیٹھا ہوا تھا۔ ملزمان نے مبینہ طور پر فیملی کا تاثر دینے کی کوشش کی تاکہ کسی کو ان کی سرگرمیوں پر شک نہ ہو۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان کچھ دیر گلی میں رکنے کے بعد واردات کے لیے متحرک ہوئے۔ ان میں سے ایک ملزم موٹر سائیکل سے اترا اور گلی میں کھڑی نئے ماڈل کی اپلائیڈ فار 70 موٹر سائیکل چوری کرکے اپنے ساتھی کے ہمراہ فرار ہوگیا۔
واردات کے دوران ملزمان کی آمدورفت اور فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ان کے چہرے بھی واضح دکھائی دے رہے ہیں، کمسن بچہ بھی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگیا۔
واقعے نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں کمسن بچے کے مبینہ استعمال کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ہے۔ذرائع کے مطابق حبیب نامی متاثرہ شہری کی درخواست پر پولیس نے قانونی کارروائی شروع کردی ہے، ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مزید کارروائی متوقع ہے۔