آبنائے ہرمز پرایک نگرانی زون قائم کرنے کا اعلان
علاقے کی حد مشرقی جانب ایران کے جبلِ مبارک اور متحدہ عرب امارات کے جنوبی فجیرہ کو ملانے والی سرحد سے شروع ہوتی ہے،خلیج فارس واٹر وے مینجمنٹ اتھارٹی
فائل فوٹو
تہران : خلیج فارس واٹر وے مینجمنٹ اتھارٹی نے آبنائے ہرمز کے اوپر ایک نگرانی زون (سرویلنس ایریا) قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اتھارٹی کے سرکاری اکاؤنٹ کے مطابق ایران نے باضابطہ طور پر آبنائے ہرمز کے انتظامی اور نگرانی کے علاقے کا تعین کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اس علاقے کی حد مشرقی جانب ایران کے جبلِ مبارک اور متحدہ عرب امارات کے جنوبی فجیرہ کو ملانے والی سرحد سے شروع ہوتی ہے، جبکہ مغربی جانب ایران کے جزیرہ قشم کے آخری حصے سے امارات کے ام القوین تک پھیلی ہوئی ہے۔
اس ادارے کے مطابق اس علاقے سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ’پرسین خلیج واٹر وے مینجمنٹ‘ کے ساتھ پیشگی رابطہ کریں اور اس ادارے سے اجازت حاصل کریں۔
یاد رہے کہ خلیج فارس واٹر وے اتھارٹی ایران۔عراق جنگ اور آبنائے ہرمز کے بحران کے بعد قائم کی گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ کے آغاز کے بعد آبنائے ہرمز کو بند کر رکھا ہے، جس کے باعث عالمی بحری تجارت شدید متاثر ہوئی ہے۔