گنڈاپور وزارت اعلیٰ بحالی کیلئےشیر افضل مروت عدالت پہنچ گئے

رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نےعلی امین گنڈاپور کی وزارت اعلیٰ بحالی کیلئےدرخواست دائر کی

May 21, 2026 · قومی

علی امین گنڈاپور کی وزارت اعلیٰ کی درخواست

 

رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے منصب پر علی امین گنڈاپور کی بحالی کے لیے وفاقی آئینی عدالت اسلام آباد میں درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں شیر افضل مروت نے موقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور کو ڈی نوٹیفائی کرنا غیر قانونی اور آئین سے متصادم ہے، اور وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ ایک سزا یافتہ نااہل فرد کی ڈکٹیشن پر لیا گیا۔

شیر افضل مروت نے درخواست میں سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ تقرری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ دباؤ کے تحت لیا گیا، جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، اور انہیں دوبارہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے طور پر بحال کیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ غیر آئینی اقدامات کے نتیجے میں ہونے والے تمام سرکاری فیصلے منسوخ کیے جائیں۔