اسرائیل نے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کے تمام ارکان کو رہا کردیا
فرانس نے قافلے میں شامل 37 فرانسیسی شہریوں کی اسرائیل بدری کے بعد ترکیے بھیجے جانے کی تصدیق کردی۔
فائل فوٹو
تل ابیب :اسرائیلی حکام نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے بحری قافلے ‘گلوبل صمود فلوٹیلا’ کے تمام گرفتار ارکان کو رہا کرنے کی تصدیق کردی ہے، رہا کئے گئے امدادی کارکنوں کو اسرائیل سے ترکیہ بھیج دیا گیا۔
امریکا میں مقیم فلسطینی حقوق کی تنظیم ’عدالہ‘ کے مطابق رہا ہونے والے امدادی کارکنوں کو اسرائیل بدر کرنے کے احکامات جاری ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب، ترکیے کے وزیرِ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ان رضاکاروں کو بحفاظت ترکیے منتقل کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ امداد لے جانے کی کوشش کرنے والے فلوٹیلا قافلے کے ارکان کو اسرائیل بدر کردیا گیا ہے۔
فرانس نے قافلے میں شامل 37 فرانسیسی شہریوں کی اسرائیل بدری کے بعد ترکیے بھیجے جانے کی تصدیق کردی۔ یہ شہری غزہ جانے والے امدادی بحری بیڑے فلوٹیلا پر سوار کارکنوں کے گروپ کا حصہ تھے۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان فرانسیسی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ جمعرات کو ایک سینئر اسرائیلی سفارت کار کو طلب کیا تاکہ اسرائیلی وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پر پیرس کے غصے کا اظہار کیا جا سکے۔
اس ویڈیو میں مذکورہ وزیر کو حراست میں لیے گئے غزہ فلوٹیلا کے کارکنوں کا تمسخر اڑاتے ہوئے دیکھا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اطالوی وزیر خارجہ کی جانب سے اسرائیلی وزیر پر پابندیاں عائد کرنے کے حالیہ مطالبے پر فی الحال بات کرنا قبل از وقت ہے۔