امریکہ پولینڈ میں مزید 5000 فوجی بھیجے گا۔ ٹرمپ کا اعلان

ایک ہفتہ پہلے پینٹاگون نے وہاں 4000 فوجیوں کی تعیناتی کا منصوبہ منسوخ کر دیا تھا

May 22, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ پولینڈ میں مزید 5000 فوجی بھیجے گا، حالانکہ ایک ہفتہ پہلے پینٹاگون نے وہاں 4000 فوجیوں کی تعیناتی کا منصوبہ منسوخ کر دیا تھا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یہ فیصلہ پولینڈ کے صدر کارول ناوروکی کے ساتھ امریکہ کے تعلقات کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جن کی انھوں نے گذشتہ برس انتخابات میں حمایت کی تھی۔

امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ اضافی فوجی پہلے والے منصوبے کا حصہ ہیں یا کوئی نیا آپریشن ہے۔

حالیہ ہفتوں میں وائٹ ہاؤس یہ اشارہ دے چکا ہے کہ وہ اپنی ’امریکہ فرسٹ‘ پالیسی کے تحت یورپ میں فوجیوں کی مجموعی تعداد کم کرنا چاہتا ہے۔ اسی مہینے امریکہ نے جرمنی سے 5000 فوجی واپس بلانے کا بھی اعلان کیا تھا، جو ایران کے معاملے پر جرمن چانسلر کے ساتھ اختلاف کے بعد کیا گیا۔

یہ واضح نہیں کہ پولینڈ بھیجے جانے والے اضافی فوجی جرمنی سے واپس آنے والوں میں سے ہیں یا کوئی الگ دستہ ہے۔