فرانس : چیمپیئنز لیگ کے فتح کا جشن ، ہنگامے پھوٹ پڑے، 400 افراد گرفتار
جھڑپوں کے دوران کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے،برطانوی میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا
پیرس: فٹبال چیمپیئنز لیگ کے اختتام کے بعد فرانس میں ہنگامے، 400 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
فرانس میں فٹبال چیمپیئنز لیگ کے فائنل کے بعد جشن ہنگاموں میں بدل گیا،دارالحکومت پیرس میں 280 بلوائیوں کو گرفتار کیا گیا۔
برطانوی میڈیا کےمطابق پیرس میں پولیس اورمظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں،جھڑپوں کے دوران کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے،فٹبال چیمپیئنز لیگ میں پی ایس جی نے آرسنل کو ہرا کر فتح حاصل کی تھی۔
دارالحکومت پیرس میں بدامنی کو قابو میں رکھنے کے لیے ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے، جس کے باعث بس، ٹرین اور ریل سروسز میں خلل پڑا۔
کئی مقامات پر آتش بازی کی گئی جبکہ جھڑپوں میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ شہر کے مرکز میں ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
گذشتہ سال بھی جب پی ایس جی نے یہی ٹرافی جیتی تو اسی نوعیت کا تشدد دیکھنے میں آیا تھا۔ اس بار وزیر داخلہ لاراں نونیز کے مطابق حکام بہتر طور پر تیار تھے اور ان کے پاس بہت مضبوط، انتہائی مستحکم نظام موجود تھا۔
شہر سے موصول ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شعلہ بردار روشنیاں جلائی جا رہی ہیں، سڑکوں پر برقی موٹر سائیکلیں جل رہی ہیں اور جشن منانے والے کم از کم ایک دکان کے شیشے توڑ رہے ہیں۔
حکام کے مطابق اتوار کی ابتدائی ساعتوں تک 416 افراد کو گرفتار کیا جا چکا تھا، جن میں سے 280 پیرس میں گرفتار کیے گئے۔