امریکہ ایران کا پرامن یورینیم افزودگی کا حق تسلیم کرے۔ اسماعیل بقائی
ایرانی ترجمان کا کہنا ہے منجمد اثاثوں کی بحالی بھی ضروری ہے
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکہ کو پرامن مقاصد کے لیے ایران کے یورینیم کی افزودگی کے حق کو تسلیم کرنا ہوگا، جبکہ ایران کے منجمد اثاثوں کی بحالی بھی ضروری ہے۔
ترجمان کے مطابق امریکہ کا مسلسل تبدیل ہوتا مؤقف مذاکرات میں پیشرفت کے لیے ایک بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان پیغامات کا تبادلہ پاکستانی ثالثوں کے ذریعے جاری ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ مذاکرات میں اب بھی کئی اہم اختلافی نکات موجود ہیں۔ ان کے مطابق امریکہ نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور ایرانی تجارتی جہازوں کو آبنائے ہرمز اور بین الاقوامی پانیوں میں نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں پیدا ہونے والی خطرناک صورتحال امریکہ کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا نتیجہ ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور اور طاقتور جواب دیا جائے گا۔