امریکہ ایران معاہدے کی دستاویز”اسلام آباد مفاہمتی یادداشت”پر دستخط کب ہوں گے،ابہام برقرار

تقریب اتوار کو ہو گی،پاکستانی وزارت خارجہ ۔ تہران کی تردید

June 14, 2026 · اہم خبریں

 

پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران امن معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تقریب اتوار کو ہو گی۔ تاہم اس معاملے پر تہران کی تردید نے ابہام پیدا کر دیا ہے۔

وزارت خارجہ پاکستان کے سوشل میڈیا بیان میں کہا گیا کہ ہفتے کو نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ، شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کے آخری مرحلے کا خیرمقدم کیا، جس کی الیکٹرانک دستخطی تقریب کل(بروز اتوار) ہو گی، اور امید ظاہر کی کہ یہ اہم پیش رفت خطے میں پائیدار امن اور استحکام میں مدد دے گی۔
سعودی وزیر خارجہ نے پورے عمل کے دوران پاکستان کی مسلسل اور مؤثر ثالثی اور مذاکرات کی حمایت کو سراہا۔ ادھر ، ایرانی حکومت نے اتوار کو امریکہ سے معاہدے پر دستخطوں کی تردید کردی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ اب تک امریکہ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے درست وقت کے بارے میں ہمیں انتظار کرنا ہو گا۔
ایران نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مجوزہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر اتوار کے روز دستخط نہیں ہو سکیں گے۔

اسماعیل بقائی نے ہفتے کے روز سرکاری میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ معاہدے پر دستخط کا عمل اتوار کو نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرنے والے اسلام آباد میمورنڈم پر عمل کیا جا رہا ہے، اور آئندہ چند روز کے دوران ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا، تاہم اس حوالے سے کسی حتمی تاریخ کا اعلان کرنا قبل از وقت ہوگا۔
دوسرے فریق کی غیر مستقل مزاجی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اس عمل کے بارے میں کوئی بھی بیان دیتے وقت محتاط رہنا چاہیے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتے کو کہا تھا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدہ آئندہ 24 گھنٹوں میں حتمی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ بیان سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔