پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹس کے نئے فریم ورک کااعلان۔بڑی تبدیلی

کارکردگی، فٹنس اور فارمیٹ کی بنیاد پر نیا نظام متعارف

June 15, 2026 · اسپورٹس

فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کارکردگی، فٹنس اور مختلف فارمیٹس کے مطابق نیا فریم ورک متعارف کرا دیا ہے۔

لاہور میں پی سی بی حکام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ کا 85 فیصد حصہ کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈیٹا کو بھی نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے میڈیکل فٹنس لازمی قرار دی گئی ہے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں سے اس حوالے سے اچھا فیڈ بیک ملا ہے اور انہیں مکمل بریفنگ دی گئی ہے، اب کوئی یہ نہیں کہے گا کہ اسے اے یا بی کیٹیگری نہیں ملی۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں کے سلیکشن کے عمل کو بہتر بنانا ترجیح رہی ہے اور پرانے کیٹیگری سسٹم کی جگہ پانچ نئے فارمیٹ ٹریکس متعارف کروائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان پیچھے رہ گیا ہے، اس لیے ٹیسٹ کرکٹ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اب کھلاڑیوں کو واضح طور پر معلوم ہوگا کہ وہ کس فارمیٹ کے لیے موزوں ہیں۔ ان کے مطابق ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی بنیاد پر نئی کیٹیگریز تشکیل دی گئی ہیں جبکہ یہ نظام گزشتہ ایک سال سے ڈومیسٹک کرکٹ میں نافذ ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس میں بہتری کی ضرورت تھی اور اس حوالے سے اعتراضات کو محسوس کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میڈیکل طریقہ کار کا آغاز ایلیٹ لیول سے نہیں کیا جا رہا۔

وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ کرکٹ کا لینڈ اسکیپ تبدیل ہو چکا ہے اور اسی کے مطابق یہ نیا فریم ورک تیار کیا گیا ہے۔ ان کے بقول یہ ایک متاثر کن دستاویز ہے جس میں ٹیسٹ کرکٹ کو اہمیت دی گئی ہے تاکہ کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلیں اور اپنے پاتھ وے کو بہتر انداز میں طے کر سکیں۔