خواجہ آصف ضمیر کا بوجھ ہلکاکرنے کے لیے دوبارہ الیکشن لڑیں،اسد قیصر

خواجہ آصف کے الزامات پر سابق اسپیکر کا قومی اسمبلی میں جواب

June 17, 2026 · قومی

میں تو ایف اے ٹی ایف کے بلز پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کررہا تھا: سابق اسپیکر قومی اسمبلی/ فائل فوٹو

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خواجہ آصف کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ان کے گھر میں آئی ایس آئی کے ساتھ ملاقاتیں ہوتی تھیں، تاہم وہ گھر اسد قیصر کا نہیں بلکہ اسپیکر قومی اسمبلی کا تھا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلز پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سہولت کاری کر رہے تھے، آئی ایس آئی افسران اینٹی منی لانڈرنگ اور ایف اے ٹی ایف سے متعلق بلز پر اپنی ان پٹ دے رہے تھے۔

اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ ان کے ضمیر پر بوجھ ہے، وہ بتائیں کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات کیا ان کے ضمیر پر بوجھ نہیں؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا خواجہ آصف ریحانہ ڈار سے بہت بڑی لیڈ سے نہیں ہارے تھے؟

انہوں نے مزید کہا کہ اگر خواجہ آصف کے ضمیر پر بوجھ ہے تو وہ چوری کی گئی سیٹ سے استعفیٰ دیں اور ضمیر کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے دوبارہ ریحانہ ڈار کے مقابلے میں الیکشن لڑیں۔