منفرد جزیرہ جہاں ہر چھ ماہ بعد حکومت بدل جاتی ہے

فرانس اور اسپین 350 برس سے جزیرے کا انتظام بانٹ رہے ہیں

June 17, 2026 · امت خاص, چشم حیرت

فائل فوٹو

فرانس اور اسپین کے درمیان بہنے والے دریائے Bidasoa میں واقع فیزنٹ آئی لینڈ دنیا کے منفرد ترین جزیروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر چھ ماہ بعد حکمرانی ایک ملک سے دوسرے ملک کو منتقل ہو جاتی ہے۔

یہ چھوٹا سا جزیرہ شاہی شادیوں، امن معاہدوں اور ایک غیرمعمولی سرحدی انتظام کے باعث تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔

1659 سے فرانس اور اسپین دونوں اس جزیرے پر مشترکہ طور پر حکومت کر رہے ہیں۔ چھ ماہ تک یہ اسپین کے زیرانتظام رہتا ہے جبکہ اگلے چھ ماہ فرانس اس کا انتظام سنبھالتا ہے۔

350 برس سے زائد عرصے سے جاری یہ انتظام 1659 میں ہونے والے پیرینیز معاہدے (Pyrenees Treaty) کا نتیجہ ہے، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان ایک طویل تنازع ختم ہوا تھا۔ فیزنٹ آئی لینڈ کو ایک غیر جانبدار مقام قرار دیا گیا جہاں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے ملاقات کرکے معاہدے پر دستخط کیے۔

بعد ازاں اسی مقام پر فرانس کے بادشاہ اور اسپین کی شہزادی کی شادی بھی ہوئی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان امن کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

دونوں ممالک اس جزیرے سے مکمل دستبردار نہیں ہونا چاہتے تھے، اس لیے ایک منفرد معاہدے کے تحت ہر چھ ماہ بعد اس کا انتظام ایک دوسرے کے حوالے کرنے پر اتفاق کیا گیا، جو آج بھی برقرار ہے۔

یہ جزیرہ اتنا چھوٹا ہے کہ اس کے گرد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دوڑ لگائی جا سکتی ہے۔ تاہم عام افراد اور سیاحوں کو وہاں جانے کی اجازت نہیں، صرف فرانس اور اسپین کے سرکاری عہدیدار ہی جزیرے تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

البتہ اسپین کے علاقے Irun یا فرانس کے علاقے Hendaye سے اس جزیرے کو دریا کے وسط میں دیکھا جا سکتا ہے۔