ایرانی اصلاح پسند رہنما کی مذاکراتی ٹیم کی حمایت کا اعلان

امریکہ پر بھروسہ نہیں، لیکن مذاکرات ضروری ہیں۔ ایرانی سیاستدان

June 22, 2026 · بام دنیا

ایران کی نیشنل ٹرسٹ پارٹی کے چیئرمین اسماعیل گرامی مقدم نے کہا ہے کہ ملک کے اصلاح پسند حلقے امریکہ کے بارے میں تحفظات کے باوجود تہران کی مذاکراتی ٹیم کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔

اسماعیل گرامی مقدم نے ایرانی طلبہ خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،کہ “ہم سب جانتے ہیں کہ امریکیوں پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے مذاکرات کے دوران امریکا نے غیر دیانت داری اور غیر جمہوری طریقوں سے، بلکہ مذاکرات کے پردے میں بھی، ایران کو نقصان پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام ان حقائق سے بخوبی آگاہ ہیں، تاہم ریاستی قیادت نے کسی مرحلے پر باہمی مفاہمت تک پہنچنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گرامی مقدم نے کہا کہ “قیادت کی مرضی کے بغیر کوئی معاہدہ طے نہیں کیا جاتا” اور جو گروہ عوامی جذبات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ دراصل “دشمن کی چکی میں دانہ ڈال رہے ہیں”۔

واضح رہے کہ نیشنل ٹرسٹ پارٹی ایران کی ایک اصلاح پسند سیاسی جماعت ہے، جسے 2005 میں ایران کی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر مہدی کروبی نے قائم کیا تھا۔