منجمد اثاثوں کی بحالی ایران کی بڑی کامیابی قرار

ایران نے منجمد فنڈز اور تیل پابندیوں میں نرمی کو اہم پیش رفت قرار دے دیا

June 23, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت منجمد اثاثوں کی رہائی اور تیل کی برآمدات پر عائد پابندیوں میں نرمی کو ایران کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔

سرکاری میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں قالیباف نے ایران کے منجمد مالی اثاثوں اور تیل کی برآمدات سے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی شق 11 کے تحت دو الگ الگ اقساط میں مجموعی طور پر 12 ارب ڈالر جاری کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ابتدائی انتظامات قطر کے دورے کے دوران طے پا گئے تھے، جبکہ حتمی دستخط سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران کیے گئے۔

قالیباف نے مزید کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی شق 10 خام تیل، پیٹروکیمیکل مصنوعات اور ان کی ذیلی مصنوعات کی فروخت کے علاوہ بینکاری، انشورنس اور نقل و حمل کے شعبوں سے متعلق ہے۔ ان کے مطابق حتمی معاہدے تک تیل سے متعلق پابندیاں بھی اٹھا لی گئی ہیں۔

ایرانی اسپیکر نے ان دونوں نکات کو مفاہمتی یادداشت کا فوری اور عملی نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت ایران کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی اور نمایاں فائدہ ہے۔