مارکو روبیو کا خلیجی ممالک کا دورہ۔ ایران معاہدے پر مشاورت ہوگی

امریکی وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین جائیں گے

June 23, 2026 · بام دنیا

امریکہ کے سیکرٹری خارجہ مارکو رویبو رواں ہفتے متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین کا دورہ کریں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ منگل سے جمعرات تک ان ممالک کا دورہ کریں گے، جس سے ٹرمپ انتظامیہ کو موقع ملے گا کہ وہ ایران کے ساتھ اپنے ابتدائی معاہدے کے حوالے سے براہ راست اپنے خلیجی عرب اتحادیوں سے بات کر سکے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے سوموار کے روز بتایا کہ مارکو روبیو بحرین میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ خلیج تعاون کونسل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، عمان اور قطر پر مشتمل ہے۔

اگرچہ جی سی سی رہنماؤں نے ایران کے ساتھ امریکہ اسرائیل جنگ کو ختم کرنے کی کوششوں کی وسیع پیمانے پر حمایت کی لیکن پھر بھی مفاہمت کی یادداشت کی مخصوص شرائط پر تشویش پائی جاتی ہے۔

اس تشویش کا ایک نکتہ تہران کے لیے 300 ارب ڈالر کے تعمیر نو کے فنڈ کا امکان ہے اور خلیجی رہنماؤں کا خیال ہے کہ ایران یہ فنڈ علاقائی پراکسی گروپوں کی مالی معاونت کرنے اور اپنی فوجی صلاحیت کے لیے استعمال کرے گا۔

یاد رہے کہ امریکہ اور ایران کی حالیہ جنگ کے دوران کئی خلیجی ممالک براہ راست ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں سے متاثر ہوئے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت، بحرین اور قطر ان سبھی ممالک میں امریکی فوجی اڈے موجود ہیں جو مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کے سکیورٹی ڈھانچے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔