آبنائے ہرمز میں ٹریفک میں تین گنا اضافہ

سفارتی پیش رفت سے ہرمز ٹریفک کی بحالی میں نمایاں بہتری

June 24, 2026 · بام دنیا

آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمد و رفت میں ایک ہفتے کے دوران تقریباً تین گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شپنگ مانیٹرنگ ادارے میری ٹائم ٹریفک کے مطابق آبنائے ہرمز میں ٹریفک تیزی سے بحال ہوئی ہے اور مسلسل دو ویک اینڈز کے دوران اس میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میرین ٹریفک اور کلپر کے ڈیٹا کے مطابق 12 سے 14 جون کے دوران 32 جہازوں کی آمد و رفت ہوئی تھی، جبکہ 19 سے 21 جون کے دوران یہ تعداد بڑھ کر 93 ہو گئی۔

ادارے کے مطابق یہ بحالی حالیہ سفارتی پیش رفت اور امریکہ کی جانب سے ایرانی تیل پر عائد پابندیوں میں عارضی نرمی کے باعث ممکن ہوئی ہے، جس نے 21 اگست تک آبنائے ہرمز میں جہاز رانی سے متعلق غیر یقینی صورتحال کو کم کیا ہے۔

ایک اور مانیٹرنگ ادارے ونڈورڈ نے بتایا کہ 22 جون کو 25 جہازوں کی آمد و رفت ریکارڈ کی گئی، تاہم ان کے مطابق یہ صورتحال مکمل بحالی نہیں بلکہ “ابتدائی سطح کی نارملائزیشن” ہے۔