اسلام آباد مفاہمتی یادداشت امریکا کی شکست ہے،باقر قالیباف
ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت نے دنیا کو ایک واضح پیغام دیا ہے اور اسے امریکا کی ناکامی کی علامت قرار دیا جا سکتا ہے۔
باکو: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور سینئر رہنما محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کسی دباؤ یا جبر کا نتیجہ نہیں بلکہ ایرانی قوم کی استقامت اور مزاحمت کی عکاس ہے۔
آذربائیجان میں او آئی سی پارلیمانی یونین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والی مفاہمتی یادداشت نے دنیا کو ایک واضح پیغام دیا ہے اور اسے امریکا کی ناکامی کی علامت قرار دیا جا سکتا ہے۔
محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم نے مشکل حالات میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور یہی عزم حالیہ پیش رفت کی بنیاد بنا۔
انہوں نے خطے کے ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنی علاقائی سلامتی کو خود یقینی بنائیں اور بیرونی مداخلت کو مسترد کریں۔
ایرانی رہنما نے مزید کہا کہ ایران خطے کے تمام ممالک کے ساتھ باہمی احترام، خودمختاری اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔