مالاکنڈ ڈویژن اور فاٹا پر ٹیکسوں کانفاذ مسترد،اسد قیصر کی کڑی تنقید

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما نے ٹیکس فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کیا

June 24, 2026 · قومی

اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن اور فاٹا پر ٹیکسوں کا نفاذ مسترد کرتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن اور فاٹا میں کسٹم ایکٹ، انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسز کو توسیع دی گئی ہے جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

اسد قیصر کے مطابق اس سلسلے میں پہلے وزیر اعظم سے بات ہوئی، پھر وزیر خزانہ اور رانا ثناء اللہ سے بھی گفتگو کی گئی، اور انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ یہ ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے، تاہم بعد میں ان دونوں امور کو مسترد کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ تمباکو پر لگائے گئے ٹیکس پر بھی بات کی گئی، لیکن اسے بھی نظر انداز کیا گیا، جس کا مطلب ہے کہ خیبر پختونخوا کے جائز حقوق اور مطالبات کو خاطر میں نہیں لایا جا رہا۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ این ایف سی میں صوبے کا حصہ بھی درپیش مسئلہ ہے جو انہیں نہیں مل رہا۔