فیفا ورلڈ کپ:ابتدائی دو راؤنڈز کے بعد 5 ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر
گروپ مرحلے کے بعد 16 ٹیموں کے باہر ہونے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
فائل فوٹو
لاس اینجلس: فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے ابتدائی دو راؤنڈز مکمل ہونے کے بعد 5 ممالک کی ٹورنامنٹ سے رخصتی یقینی ہو گئی ہے۔
48 ٹیموں پر مشتمل اس عالمی مقابلے میں گروپ مرحلے کے اختتام تک مجموعی طور پر 16 ٹیمیں باہر ہو جائیں گی جبکہ باقی ٹیمیں اگلے مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وہ پانچ ٹیمیں جو اپنے ابتدائی دونوں میچ ہار چکی ہیں، اب اگلے مرحلے میں رسائی حاصل نہیں کر سکتیں۔
گروپ سی سے ہیٹی کی ٹیم کا سفر ختم ہو گیا ہے۔ 1974 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ہیٹی کو اسکاٹ لینڈ اور برازیل کے خلاف شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔
یورپ کی جانب سے ترکیہ پہلی ٹیم بن گئی ہے جس کی رخصتی یقینی ہو گئی ہے۔ ترکیہ کو اپنے ابتدائی دونوں میچوں میں آسٹریلیا اور پیراگوئے کے ہاتھوں شکست ہوئی۔
افریقی ٹیموں میں تیونس وہ واحد ٹیم ہے جو اب تک گروپ مرحلے سے باہر ہو چکی ہے۔ تیونس کو سویڈن اور جاپان کے خلاف چار، چار گول کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایشیا کی نمائندگی کرنے والی ٹیم اردن بھی ابتدائی مرحلے سے آگے بڑھنے میں ناکام رہی اور ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔
گروپ ایل میں پاناما کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ پاناما کو گھانا اور کروشیا کے خلاف ایک صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس ورلڈ کپ میں فارمیٹ میں اہم تبدیلی کی گئی ہے جس کے تحت برابر پوائنٹس پر گول فرق کے بجائے باہمی مقابلوں کا ریکارڈ فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے، جس نے گروپ مرحلے کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔
گروپ مرحلے کے آخری میچوں کے بعد مزید 11 ٹیموں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا اور اگلے مرحلے میں پہنچنے والی ٹیموں کی تصویر مکمل طور پر واضح ہو جائے گی۔