ایلون مسک کھرب پتیوں کی فہرست سے باہر
ایلون مسک کی دولت اب تقریباً 957 ارب ڈالر رہ گئی ہے، جو اس سے قبل ایک اعشاریہ ایک ایک کھرب ڈالر سے زائد بتائی جا رہی تھی۔
دنیا کے معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک کی مجموعی دولت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد وہ کھرب ڈالر مالیت رکھنے والی شخصیات کی فہرست سے باہر ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی مالیاتی رپورٹس کے مطابق چند ہفتے قبل ایلون مسک کی دولت ایک کھرب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی، تاہم حالیہ دنوں میں ان کی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی کے باعث ان کے اثاثوں کی مجموعی مالیت میں نمایاں کمی آئی ہے۔
مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق ایلون مسک کی دولت اب تقریباً 957 ارب ڈالر رہ گئی ہے، جو اس سے قبل ایک اعشاریہ ایک ایک کھرب ڈالر سے زائد بتائی جا رہی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے شیئرز میں آنے والی گراوٹ اس کمی کی بڑی وجہ ہے، جبکہ ٹیکنالوجی سیکٹر کے دیگر حصص بھی دباؤ کا شکار رہے ہیں۔
دولت میں کمی کے باوجود ایلون مسک بدستور دنیا کے امیر ترین افراد میں سرفہرست شمار کیے جاتے ہیں اور ان کے اثاثوں کی مالیت دیگر بڑے کاروباری حریفوں سے اب بھی کہیں زیادہ ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق سرمایہ کاری کے مستقبل پر بڑھتے ہوئے خدشات نے بھی سرمایہ کاروں کے رویے پر اثر ڈالا ہے، جس کے نتیجے میں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے شیئرز میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔