عمان کے قریب کارگو جہاز پر حملہ۔ عالمی منڈی میں تیل مہنگا

پروجیکٹائل حملے کے بعد برینٹ۔ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل دو فیصد سے زائد بڑھ گئے۔

June 26, 2026 · بام دنیا

عمان کے جنوب مشرقی ساحل کے قریب ایک کارگو جہاز پر نامعلوم پروجیکٹائل سے حملے کے بعد عالمی تیل مارکیٹ میں قیمتیں بڑھ گئیں۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کے مطابق عمان سے تقریباً ساڑھے سات ناٹیکل میل دور پیش آنے والے حملے میں جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا، تاہم عملے کی صورتحال سے متعلق فوری طور پر کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں دو فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ برینٹ خام تیل 1.52 ڈالر یا 2.1 فیصد اضافے کے بعد 75.26 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا، جبکہ امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 1.58 ڈالر یا 2.3 فیصد بڑھ کر 71.92 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

رپورٹس کے مطابق اس سے ایک روز قبل خام تیل کی قیمتیں 27 فروری کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھیں، تاہم بحری حملے کے بعد مارکیٹ میں ایک بار پھر غیر یقینی صورتحال پیدا ہونے سے قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔