ٹرمپ جانتے ہیں ایران سے معاہدہ ناگزیر ہے۔ امریکی تجزیہ کار

تیل کی بلا تعطل ترسیل اور خطے کے استحکام کے لیے واشنگٹن پر دباؤ بڑھ گیا

June 26, 2026 · بام دنیا

امریکہ کے معروف تھنک ٹینک کیٹو انسٹی ٹیوٹ کے سینئر فیلو ڈگ بینڈو کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جانتے ہیں کہ انہیں ایران کے ساتھ ایک معاہدہ کرنا ہوگا، کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل بلا تعطل جاری رہے۔

الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈگ بینڈو نے کہا کہ ٹرمپ خطے میں مسلسل تشدد نہیں چاہتے۔ ان کے بقول خلیجی ممالک بھی استحکام، معاشی ترقی اور توانائی کی پیداوار کی بحالی کے خواہاں ہیں، جس کے باعث امریکی صدر پر بھی معاہدے کے لیے خاصا دباؤ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی دباؤ کے پیش نظر ٹرمپ اسرائیل پر بھی ایک حد تک دباؤ ڈالیں گے تاکہ وہ لبنان میں اپنی فوجی کارروائیوں کو محدود کرے۔

رپورٹس کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے کی شرط شامل ہے، تاہم اس کے باوجود اسرائیل لبنان میں مہلک حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔