ایران کی جوہری تنصیبات کا جلد معائنہ کریں گے۔ رافیل گروسی
ایران کے جوہری پروگرام پر تکنیکی کام شروع، جلد معائنہ متوقع
اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی نے کہا ہے کہ ادارہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ایران کی جوہری تنصیبات کا جلد از جلد معائنہ کرنے کا خواہاں ہے۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رافیل گروسی نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت (MoU) میں واضح طور پر درج ہے کہ معاہدے کے جوہری حصے کی نگرانی آئی اے ای اے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نگرانی کے لیے معائنہ ناگزیر ہے اور اس کے بغیر کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تکنیکی کام کا آغاز ہو چکا ہے اور امید ہے کہ آئی اے ای اے کی ٹیم جلد ایران پہنچ کر معائنہ شروع کر سکے گی۔
رافیل گروسی کا مزید کہنا تھا کہ آئی اے ای اے کو ایران کی جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل کرنا ہوگی تاکہ مؤثر نگرانی اور معائنہ ممکن بنایا جا سکے، اور وہ اس تکنیکی عمل کو آگے بڑھانے اور جلد از جلد موقع پر پہنچنے کے لیے تیار ہیں۔