سعودی آرامکو نے چار ماہ بعد راس تنورہ سے تیل کی لوڈنگ دوبارہ شروع کر دی
آبنائے ہرمزمیں سیکورٹی خدشات کے باوجودبرآمدات بڑھانے کی تیاری۔دو بڑے آئل ٹینکرخام تیل سے بھرے گئے
دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی سعودی آرامکو نے تقریباً چار ماہ کے وقفے کے بعد خلیج میں واقع اپنے راس تنورہ آئل ٹرمینل پر خام تیل کی لوڈنگ دوبارہ شروع کر دی ہے۔
شپنگ ڈیٹا کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کا اشارہ ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے تیل پیدا کرنے والے ممالک، آبنائے ہرمز میں سیکیورٹی خدشات کے باوجود، اپنی تیل برآمدات میں اضافے کے منصوبوں پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کو آبنائے ہرمز میں ایک بحری جہاز پر نامعلوم سمت سے فائر کیے گئے ایک میزائل نما گولے سے حملے کی اطلاع سامنے آئی تھی، تاہم اس کے باوجود سعودی آرامکو نے تیل کی ترسیل کا عمل بحال کر دیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سعودی بحری کمپنی بحری کے زیرِ انتظام دو ویری لارج کروڈ کیریئرز راس تنورہ بندرگاہ پر خام تیل لوڈ کر رہے ہیں، جبکہ ایک اور بڑا آئل ٹینکر قریب انتظار میں موجود ہے۔ ہر وی ایل سی سی تقریباً 20 لاکھ بیرل خام تیل لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب ایران پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تمام بحری جہازوں کو سپاہ پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی کے بعد ہی گزرنے کی اجازت ہوگی۔