وینزویلا میں شدید زلزلے کے بعد آفٹرشاکس۔اموات بڑھ کر 235 ہوگئی۔4300 سے زائد افراد زخمی
اب تک 20 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ امدادی کارروائیاں جاری
وینزویلا میں بدھ کی شب آنے والے شدید زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ تاحال جاری ہے جبکہ زلزلوں کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 235 ہوگئی ہے اور 4300 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں
وینزویلا کے وزیرِ صحت کارلوس الواراڈو نے سرکاری ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ علاقوں میں زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق بدھ کی رات آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت بالترتیب 7.2 اور 7.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ دونوں زلزلوں کے درمیان محض چند سیکنڈز کا وقفہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 20 سے زائد آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔وینزویلا فاؤنڈیشن برائے سیسمولوجیکل ریسرچ نے بتایا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران آنے والے آفٹر شاکس کی شدت 2.1 سے 3.6 کے درمیان رہی۔
ادارے نے بتایا کہ زیادہ تر جھٹکوں کا مرکز شمالی ساحلی ریاست لا گوایرا رہا، جہاں ناگوآتا اور ورگاس میونسپلٹی کے کچھ علاقے متاثر ہوئے۔ملک کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیزنے تازہ بیان میں تصدیق کی کہ بدھ کی شب آنے والے طاقتور زلزلوں کے باعث مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
حکام کے مطابق شمالی ساحلی ریاست لاگوئیرا سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جہاں درجنوں عمارتیں منہدم ہوگئیں اور امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔قائم مقام صدر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر امدادی اور بحالی کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے عارضی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ مواصلاتی نظام کی خرابی اور بعض متاثرہ علاقوں تک محدود رسائی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ موجود ہے۔
بین الاقوامی امدادی اور ریسکیو ٹیمیں بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ رہی ہیں تاکہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں میں مدد فراہم کی جا سکے۔ماہرین نے متاثرہ علاقوں میں آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی ہے۔