اسرائیلی کارروائیاں نہ رکیں تو بھرپور جواب دیں گے۔ ایران کا انتباہ
پڑوسی ممالک کی فضائی حدود سے اسرائیلی طیاروں کی نقل و حرکت کو ایران نے خطرہ قرار دیدیا
ایران کی مسلح افواج کے مشترکہ کمانڈ ہیڈکوارٹر خاتم الانبیاء نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ اسرائیل کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہا تو ایران اپنے خلاف کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کرے گا اور جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اپنے بعض پڑوسی ممالک کی فضائی حدود میں ایران کی سمت اسرائیلی فوجی طیاروں کی نقل و حرکت اور موجودگی کو ایک خطرناک اقدام اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف براہِ راست خطرہ سمجھتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر امریکہ “صہیونی حکومت” (اسرائیل) کو روکنے اور اس پر قابو پانے میں ناکام رہتا ہے تو ایران اپنے خلاف کسی بھی قسم کے خطرے کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا اور ایسے خطرناک اقدامات کا جواب دینا اپنا جائز حق سمجھتا ہے۔