بیجنگ کی بلند ترین عمارت سے طیارہ ٹکرا گیا

فائر بریگیڈ، پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔

June 26, 2026 · بام دنیا

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک چھوٹا طیارہ شہر کی بلند ترین عمارت سی آئی ٹی آئی سی ٹاور، المعروف “چائنا زن”، سے ٹکرا گیا، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔

رپورٹس کے مطابق حادثے کے فوراً بعد عمارت کو احتیاطی طور پر خالی کرایا گیا، جبکہ فائر بریگیڈ، پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں عمارت سے ملبہ گرتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ زمین پر طیارے کا کچھ حصہ اور قریبی گاڑی کو پہنچنے والا نقصان بھی نظر آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ ایک ہلکا تربیتی طیارہ تھا، جو ایک مقامی جنرل ایوی ایشن کمپنی کی ملکیت بتایا جا رہا ہے۔ یہ کمپنی پائلٹوں کی تربیت، تفریحی پروازوں اور فضائی فوٹوگرافی سمیت مختلف خدمات انجام دیتی ہے۔

غیر مصدقہ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق طیارے نے پرواز کے دوران غیر معمولی انداز میں رخ تبدیل کیا، جس کے بعد وہ بلند و بالا عمارت سے ٹکرا گیا۔

تاحال چینی حکام نے حادثے کی وجہ، جانی نقصان یا زخمیوں کی تعداد سے متعلق کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مزید تفصیلات سرکاری رپورٹ جاری ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔