غزہ پر بھارتی خاموشی،سونیا گاندھی کی مودی حکومت پر کڑی تنقید

انسانی جانوں کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ہر ملک کی ذمہ داری ہے،

June 27, 2026 · بام دنیا

 بھارت کی سینئر کانگریسی رہنما سونیا گاندھی نے غزہ کی صورتحال پر بھارتی حکومت کے مؤقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف جاری کارروائیوں پر خاموشی نہ تو اخلاقی طور پر درست ہے اور نہ ہی دانشمندانہ۔

ایک تحریری مضمون میں سونیا گاندھی نے کہا کہ حماس کے اسرائیل پر حملے کو وہ ناقابل قبول سمجھتی ہیں، تاہم اس کے بعد غزہ میں ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیاں انتہائی سخت اور بے رحمانہ شکل اختیار کر چکی ہیں، جن پر عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ہر ملک کی ذمہ داری ہے، جبکہ بھارت کو بھی اس معاملے پر واضح اور متوازن مؤقف اپنانا چاہیے۔

سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران نے دنیا بھر میں ضمیر رکھنے والے افراد کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، اس لیے عالمی برادری کو انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

غزہ میں جاری جنگ کے باعث بڑی تعداد میں شہری ہلاکتوں اور انسانی بحران کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جبکہ عالمی سطح پر جنگ بندی اور متاثرہ آبادی تک امداد کی فراہمی کے مطالبات بھی مسلسل کیے جا رہے ہیں۔