ایرانی حملوں میں کوئی امریکی جانی نقصان نہیں ہوا۔ امریکی عہدیدار
پاسدارانِ انقلاب نے کویت اور بحرین میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے بحرین، کویت اور دیگر پڑوسی ممالک کی جانب متعدد میزائل اور ڈرون داغے، تاہم ان حملوں میں کسی امریکی اہلکار کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے امریکی عہدیدار نے کہا کہ صورتحال اب بھی واضح ہو رہی ہے، لیکن فی الحال مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی تنصیبات کو کسی بڑے نقصان یا نمایاں اثرات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے کویت میں علی السالم ایئربیس اور بحرین کے دارالحکومت منامہ میں واقع پورٹ سلمان پر امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔