امریکی حملے جاری رہنے پر مفاہمتی یادداشت معطل کر دیں گے۔پاسدارانِ انقلاب کا انتباہ
آبنائے ہرمز پر ایران کے اختیار پر زور، امریکہ کو سخت وارننگ
ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اپنے تازہ بیان میں امریکہ کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکی حملے جاری رہے تو مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) اور جاری مذاکراتی عمل مکمل طور پر روک دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے تحت آبنائے ہرمز میں آمدورفت کے انتظامات ایران کے اختیار میں ہیں، اور آئندہ خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر امریکہ اپنی جارحیت جاری رکھتا ہے تو ایران پہلے سے زیادہ سخت جواب دے گا اور امریکا کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ مفاہمتی یادداشت کی پانچویں شق آبنائے ہرمز پر ایران کے اختیار کی توثیق کرتی ہے، جبکہ جنگ بندی کی خلاف ورزی مفاہمتی یادداشت کی پہلی شق کے منافی ہے۔ بیان کے آخر میں خبردار کیا گیا کہ اگر حملے نہ رکے تو مفاہمتی یادداشت اور جاری سفارتی مذاکرات کا عمل مکمل طور پر معطل کر دیا جائے گا۔