شیخ حسینہ کا وطن واپسی کا اعلان،سیاسی مقدمات کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا

یہ اقدامات انہیں اور ان کی جماعت کو سیاست سے باہر کرنے کی کوشش ہیں۔

June 28, 2026 · بام دنیا
شیخ حسینہ کا وطن واپسی کا اعلان،سیاسی مقدمات کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا

شیخ حسینہ کا وطن واپسی کا اعلان،سیاسی مقدمات کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے جلاوطنی کے دوران ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ رواں سال ہر رکاوٹ کے باوجود وطن واپس جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی واپسی کا مقصد اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ ملک میں جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے سیاسی حقوق کی بحالی ہے۔

شیخ حسینہ نے اپنے خلاف قائم مقدمات اور سزائے موت کے فیصلے کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات انہیں اور ان کی جماعت کو سیاست سے باہر کرنے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی لیگ صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ عوام کی نمائندہ قوت ہے، اس لیے اسے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق وہ بانیٔ بنگلہ دیش شیخ مجیب الرحمٰن کے وژن کے مطابق ملک کی خدمت کے لیے سیاست کر رہی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ موت سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 1975 میں اپنے خاندان کے بیشتر افراد کو کھونے اور بعد ازاں مختلف حملوں کا سامنا کرنے کے باوجود وہ اپنے سیاسی مؤقف پر قائم رہیں۔

شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں بھی عوام کے ساتھ کھڑی رہیں گی اور بنگلہ دیش میں جمہوری عمل کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔