ایران کے مقرر کردہ راستے سے فرانسیسی بحری جہاز آبنائے ہرمز عبور کر گیا

جہاز نے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے قریب سے اپنا سفر شروع کیا, شپنگ ٹریکنگ ویب سائٹ میرین ٹریفک کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب رہا۔

June 28, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لندن:فرانسیسی شپنگ کمپنی سی ایم اے سی جی ایم کی ملکیت میں موجود بحری جہاز ’گیلاپاگوس‘ ایران کی جانب سے محفوظ قرار دیے گئے سمندری راستے سے گزرتے ہوئے آبنائے ہرمز عبور کر گیا ہے۔

جہاز نے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے قریب سے اپنا سفر شروع کیا اور شپنگ ٹریکنگ ویب سائٹ میرین ٹریفک کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب رہا۔

اب تک سامنے آنے والی تازہ تطلاعات کے مطابق اس وقت یہ جہاز عمان کے ساحل کے قریب تھا۔

سی ایم اے سی جی ایم نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ سفر خطے کی موجودہ پیچیدہ صورتحال میں ایک اہم پیش رفت کی علامت ہے، جہاں مسلسل احتیاط اور نگرانی کی ضرورت برقرار ہے۔‘

کمپنی نے اپنے بیان میں جہاز کے اختیار کردہ راستے یا حفاظتی انتظامات کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ کمپنی کے مزید 10 بحری جہاز اب بھی خلیج فارس میں موجود ہیں۔

فرانس کے وزیرِ ٹرانسپورٹ فلپ تابارو نے ایکس پر اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ جہاز فرانسیسی پرچم تلے سفر کر رہا تھا اور اس پر متعدد فرانسیسی ملاح بھی سوار تھے۔‘

ادھر ایران کی جانب سے اپنی ساحلی پٹی کے قریب ایک مخصوص بحری راستہ مقرر کیے جانے کے علاوہ عمان نے بھی اپنے ساحل کے نزدیک ایک الگ سمندری راستے کا اعلان کیا ہے۔

تاہم عمان کے اس اعلان کے بعد ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا کہ صرف ایران کی جانب سے مقرر کردہ راستہ ہی محفوظ ہے اور اس کے علاوہ کسی دوسرے راستے سے گزرنے والے بحری جہازوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔